Best Wall Stickers

انسانی چہرے والا جانور:

انسانی چہرے والا جانور:


    حضرتِ سیِّدُنا امام محمد بن ادریس شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی فرماتے ہیں :''میں نے مکۂ مکرمہ میں ایک نصرانی کوطواف کرتے ہوئے دیکھا جو اسقف کے نام سے مشہور تھا، میں نے پوچھا:''کس چیز نے تمہیں اپنے آباؤ اجداد کے دین سے منحرف کیا؟'' اس نے کہا:''میں نے اس سے بہتر چیز اختیار کی۔''میں نے پوچھا:''یہ سب کیسے ہوا؟''تواس نے اپنا واقعہ بیان کیا:''میں سمندر میں
ایک کشتی پر سوار تھا،تھوڑی دور پہنچنے کے بعد کشتی ٹوٹ گئی۔ میں اس کے ایک تختے پر لٹک گیا،سمندر کی موجیں مجھے دھکیلتی رہیں یہاں تک کہ کسی جزیرے میں ڈال دیا،اس میں کثیر درخت تھے جن کے پھل شہد سے زیادہ میٹھے اور مکھن سے زیادہ نرم تھے۔ ایک صاف و شفاف نہر تھی۔ میں نے اس پر اللہ عَزَّوَجَلَّ کا شکر ادا کیا اور کہا: اب میں یہ پھل کھاؤں گا اور نہر سے پانی پیؤ ں گا جب تک کہ کوئی راستہ نہیں ملتا۔ جب رات ہوئی تو میں جانوروں کے خوف سے درخت پر چڑھ کر کسی ٹہنی پر سو گیا، رات کا کچھ حصہ گزرنے کے بعد میں نے سطحِ آب پر ایک جانور کو بزبانِ فصیح تسبیح کرتے ہوئے دیکھا، جس کا مفہوم کچھ یوں ہے:
     ''اللہ عزیز وجبار کے سوا کوئی معبود نہیں، محمد ِ مصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے رسول اورچنے ہوئے نبی ہیں۔ابوبکر ان کے غار کے رفیق ہیں، عمر فاروق شہروں کو فتح کرنے والے ،عثمان گھر میں شہید اور علی کفار پر اللہ عَزَّوَجَلَّ کی تلوار ہیں ،ان سے بغض رکھنے والوں پر عزیز وجبار کی لعنت ہو، اس کا ٹھکانہ جہنم ہے اور وہ بہت ہی برا ٹھکانہ ہے۔''
    وہ جانور یہی کلمات باربار دہراتا رہا، طلوعِ فجر کے بعد اس نے پھر چند کلمات کہے، جن کا مفہوم کچھ اس طرح ہے:
     ''اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی معبود نہیں، جس کا وعدہ و وعید سچے ہیں اور محمد ِ مصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآ لہ وسلَّم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے رسول ہیں، ہدایت دینے والے اور راہنمائی فرمانے والے۔ ابوبکر کو صحیح رائے کی توفیق دی گئی ، عمر بن خطاب کفار پرآ ہنی جنگلے کی طرح (سخت) ہیں، عثمان فضیلت والے شہید ہیں اور علی بن ابی طالب زبردست قوت والے ہیں۔ ان سے بغض رکھنے والوں پر ربّ ِ مجیدکی لعنت ہو۔'' 
    جب وہ جانور خشکی پر پہنچا تو میں نے دیکھا کہ اس کا سر شتر مرغ جیسا، چہرہ انسان جیسا، ٹانگیں اونٹ کی ٹانگوں کی طرح اور دم مچھلی کی دم جیسی ہے، میں ہلاکت کے خوف سے بھاگنے ہی والا تھا کہ اس نے مجھے دیکھ کر کہا: ''رک جاؤ،ورنہ ہلاک ہو جاؤگے۔''میرے رکنے کے بعد اس نے مجھ سے میرے دین کے متعلق دریافت کیاتو میں نے جواب دیا:''نصرانیت ۔''اس نے کہا:''اے نقصان اٹھانے والے! بربادی ہے تیرے لئے ، دینِ اسلام اختیار کر لے کہ تو مؤمنین جنات کی قوم میں پہنچ چکا ہے، ان سے سوائے مسلمان کے کوئی نجات نہیں پا سکتا۔''میں نے پوچھا:''اسلام کیسے لاؤں؟''اس نے بتایا :''اس بات کی گواہی دے کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی معبود نہیں اورمحمد ِ مصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآ لہ وسلَّم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے رسول ہیں۔''
    چنانچہ ،میں کلمۂ شہادت پڑھ کر مسلمان ہوگیاپھر اس نے کہا:''تیرااسلام کامل تب ہو گا جب تو خلفاء اربعہ سے راضی رہے گا۔''میں نے کہا:''تمہیں یہ بات کیسے معلو م ہوئی ؟ ''اس نے جوا ب دیا:''ہماری ایک قوم نبئ کریم، ر ء ُوف رحیم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی محفل میں حاضر ہوئی ،انہوں نے آپ صلَّی  اللہ تعالیٰ علیہ وآ لہ وسلَّم کو یہ ارشاد فرماتے سنا:جب قیامت کادن ہوگا تو جنت لائی جائے گی، وہ عرض کرے گی:''یااللہ عَزَّوَجَلَّ !تو نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ تو میرے کونوں کو مضبوط کریگا۔'' اللہ عَزَّوَجَلَّ
فرمائے گا:''میں نے تیرے کونوں کو خلفاء اربعہ سے مضبوط کر دیاہے اور تجھے حسن و حسین سے زینت بخشی ہے۔''
    پھراس جانور نے مجھ سے پوچھا:''تم یہاں ٹھہرنا چاہتے ہو یا اپنے اہل وعیال کی طرف لوٹنا چاہتے ہو؟''میں نے کہا: ''اپنے گھر والوں کی طرف لوٹنا چاہتا ہوں۔'' اس نے کہا:''تو پھر یہاں کھڑے رہو، ایک کشتی کا یہاں سے گزر ہو گا۔'' میں وہاں کھڑا رہا۔ وہ جانور سمندر میں اترکر میری آنکھوں سے اوجھل ہو گیا پھرایک کشتی گزری جس میں چند افراد سوار تھے۔ میرے اشارہ کرنے پر انہوں نے مجھے بھی سوار کر لیا۔اس میں بارہ نصرانی تھے۔ جب میں نے ان کو اپنا واقعہ بتایا تو سب کے سب دائرۂ اِسلام ميں داخل ہو گئے۔پھر مجھے یقین ہو گیاکہ ان لوگوں کا اللہ عَزَّوَجَلَّ کے ہاں ضرور کوئی راز ہے کہ ان کی برکت سے مجھے اسلام کی دولت ملی اور بلند مقام نصیب ہوا۔''

وَصَلَّی اللہ عَلٰی سیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّ عَلٰی آلِہٖ وَ صَحْبِہٖ اَجْمَعِیْن

انسانی چہرے والا جانور: انسانی چہرے والا جانور: Reviewed by WafaSoft on March 26, 2020 Rating: 5

No comments:

Comments

Powered by Blogger.